کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

69
Chief Minister Gilgit Baltistan Haji Gulbar Khan

گلگت۔4فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کی کنجی ہے، پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی مکمل حمایت اور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغا م میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو حق خودا رادیت کے حصول کی مسلسل جدوجہد پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں

بھارت نے 5 اگست 2019 ء کو مقبوضہ کشمیر کی بین الاقو امی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے اور مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی غرض سے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ غیر قانونی طورپر مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں کے اس جائز حق سے انکار انسانی وقار کی نفی ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود سب سے پرانے تنازعات میں سے ہے، یہ تنازعہ بھارتی ہٹ دھرمی، وعدوں کی پاسداری سے انکار، بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی بے توقیری کی وجہ سے حل نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے

ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کے انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر اسکا محاسبہ کرے۔ حاجی گلبر خان نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو دبا نہیں سکتی اور نہ ہی ان کی جائز جدوجہد کو کمزور کر سکتی ہے، ہزاروں کشمیری بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور ان گنت مظالم کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری پاکستانی اور گلگت بلتستان کے عوام کی طرف سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، ہم ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی جبر سے آزادی حاصل نہیں کرلیتے۔