اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):سینئر حریت رہنما امتیاز وانی نے اس بات پر زور دیا ہےکہ بھارت کی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی فو ج کی بڑی تعداد میں موجودگی کشمیری عوام کو اپنے حق خودارادیت کے حصول سے نہیں روک سکتی۔ ریڈیو پاکستان کو انٹرویو میں امتیاز وانی نے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے اظہار تشکر بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی انتھک جدوجہد میں امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کشمیری حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم کی جانب سے کشمیر کاز کی غیر مشروط حمایت پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی طرف سے منظور کی گئی حالیہ قرارداد کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا ایک اور ثبوت ہے۔
امتیاز وانی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کی بھر پور وکالت کی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے میز پر آنے کی دعوت دی لیکن بھارت نےاس پیش کش کا کبھی مثبت انداز میں جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی متعدد قراردادیں زیر التوا ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔
انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’پوری حریت قیادت کو نظر بند رکھا گیا ہے لیکن وہ حق خودارادیت کے لیے اپنی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک بڑی فوج تعینات کر رکھی ہے اور بدترین مظالم کے باوجود کشمیری اپنے حق رائے شماری کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ۔