اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرنے کے لیے ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آج عام تعطیل ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنااور عالمی برادری کو دیرینہ تنازعہ کے حل کے حوالے سے اس کی ذمہ داریاں یاد دلانا بھی ہے۔دن کا آغاز پاکستان کی ترقی و خوشحالی،شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی اور جموں و کشمیر کی بھارتی قبضے سے جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائو ں سے ہوا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی طرف سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ حق خودارادیت کے حصول کی جدجہد میں مصروف کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جا سکے۔قابض بھارتی فورسز کی طرف سے بھارتی زیرتسلط علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ریلیوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔