کشمیری اپنی آزادی اور استصواب رائے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

45

لاہور۔19ستمبر (اے پی پی):صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نازک اور اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے، جس کی بنیادی وجہ افغانستان ہے ، کوئی قوم کسی دوسری قوم کو طاقت کے زور پر زیادہ عرصہ تک نہیں دبا سکتی ،کشمیری اپنی آزادی اور استصواب رائے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،دنیا سمجھتی ہے یہ مسئلہ حل ہوئے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا، علی گیلانی کی بڑی طویل جدوجہد تھی ان کے جنازے پر بھارت کا رویہ شرمناک تھا ،بین الاقوامی برادری بھارت پر پابندیاں عائد کرے ،پاکستان نے ہر مشکل حالات میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے ،سیدعلی گیلانی نے جس ہمت اور مستقل مزاجی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی وہ قابل تعریف ہے ،25 ستمبر کو مودی نیویارک جارہا ہے ہم پرامن مظاہرہ کریں گے ۔

اتوار کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کے خطاب کے موقع پر کشمیری سراپا احتجاج ہوں گے،کشمیریوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ خون رنگ لا رہا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی نصیب ہوگی ،آزاد کشمیر میں بہتری لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کریں گے ، ، سب کا احتساب ہوگا ،اوورسیز پاکستانی کشمیریوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں ،اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے تو وہ اپنا بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کی اصل قیادت حریت کانفرنس کے پاس ہونی چاہئے۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت میں کبھی کسان ، کبھی خالصتان والے احتجاج کرتے ہیں ۔