لاہور۔5اگست (اے پی پی):وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم نے کشمیری بچوں کا تعلیمی مستقبل تاریک کر رکھا ہے، انہیں تعلیم کا حق دلوانے کےلئے ہر فورم پر آواز بلند کروں گا۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر جاری ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ کشمیری عوام اور معصوم طلبہ آج بھی ماں کی گود سے لے کر سکول کے دروازوں تک خوف اور محرومی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں، بھارتی مظالم نے کشمیری بچوں کا تعلیمی مستقبل تاریک کر رکھا ہے۔
وزیر تعلیم نے دنیا بھر میں انصاف بانٹتی "اقوام عالم” سے مطالبہ کیا کہ مظلوم اور نہتے کشمیریوں کو تعلیم کا حق لوٹانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ بھارتی پراکسی کے طور پر کام کرنے والے سیاسی ٹولے کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے، یہ لوگ نہ تو اپنے ملک اور اداروں کے ساتھ مخلص ہیں اور نہ ہی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں قوم کے ہم آواز ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کو بیچنے والے سیاسی مہرے تاریخ کے کوڑے دان میں ڈالے جائیں گے۔
انہوں نے کہا آج سیاست کرنے کا نہیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے اور یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کا دن ہے، آج احتجاج کرنے والوں نے یہ ثابت کر دیا کہ انہوں نے ہی کشمیر کا سودا کیا تھا اور آج یہ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔