کوئٹہ۔ 05 فروری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے 5 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی علامت کے طور پر منائے جانے والے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر زور دیا جنہوں نے کئی دہائیوں سے بھارتی جبر کا سامنا کیا ہے۔
یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور ان کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کے ثبوت کے طور پر کام کرتا ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں درج ہے۔
گورنربلوچستان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مستقل موقف کا اعادہ کرتے ہوئے عوام کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے حق کی وکالت کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی توجہ مبذول کرنے اور کشمیریوں کے حق میں عالمی رائے عامہ کو متحرک کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان نے مسلسل مختلف فورمز پر کشمیریوں کے جائز موقف کی حمایت کی ہے اور ان پر ہونے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ یہ اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رہیگی جب تک کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔