اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو آزادی مل کر رہے گی، کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے فوجی وردی میں مظالم ڈھا رہے ہیں، کشمیر میں عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال کو زیر بحث لانے کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کو آزادی مل کر رہے گی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی طویل تاریخ رکھتی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی 1929ء سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کا تحریک پاکستان میں اہم کردار ہے، کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے فوجی وردی میں مظالم ڈھا رہے ہیں، کشمیر میں عصمت دری کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو بھارت نے 370 اور 37 اے آئین سے نکال دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جا رہا ہے، یہ انسانیت اور انسانی حقوق کا معاملہ ہے، کشمیریوں کو رائے شماری کے ذریعے خود ارادیت ملنی چاہیے،
کشمیری نوجوان جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھایا، او آئی سی کے آئندہ کے اجلاس میں اس معاملہ کو اٹھایا جائے گا۔