کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یوم سیاہ کشمیر کے موقع پرپیغام

175
قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت کی بدولت ہمیں پیارا وطن پاکستان ملا، وہ خداداد صلاحیتوں کے مالک تھے جو اتحاد، انصاف اور مساوات پر گہرا یقین رکھتے تھے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 77 سال قبل آج کے دن بھارت نے سری نگر پر اپنی افواج اتاریں اور جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا، کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، بلاشبہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں ۔ہفتہ کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے تب سے کشمیری عوام کی خودارادیت کی جائز خواہش کو دبایا ہوا ہے۔

بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرقبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے گزشتہ 77 سالوں میں ان گنت مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ تاہم، ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کو حاصل کرنے کا ان کا عزم اب بھی اتنا ہی پختہ ہے جتنا کہ 1947 میں تھا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی مسلسل جدوجہد میں دی گئی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بلاشبہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ بھارت 5 اگست 2019 سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے یکے بعد دیگرے اقدامات کر رہا ہے۔

بھارت کے مذموم عزائم کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو نقصان پہنچانا اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے ان کے جمہوری حق سے محروم کرنا ہے۔آج کشمیری عوام اپنی روزمرہ کی زندگی اور معاش پر سخت ترین اور تکلیف دہ پابندیاں برداشت کر رہے ہیں۔ سیاسی قیدیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں ۔

تاہم یہ جابرانہ اقدامات کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتے۔جیسا کہ میں نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایک بار پھر یہ واضح کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کا قیام اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ وہ اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کی حقیقی امنگوں کو دبا نہیں سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل تک ان کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔