کشمیری عوام کی خواہشات اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کا حتمی مقصد ہے، پوری دنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے، مرتضیٰ سولنگی

120

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کا حتمی مقصد ہے، حکومت پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، پوری دنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اہل کشمیر کی حق خود ارادیت کے حصول کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے دیرینہ مسائل میں سے ایک ہے۔ بھارتی ہٹ دھرمی، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر اب تک حل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مشکل حالات، دہشت اور ظلم کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔ بھارت کشمیر میں غیر انسانی حربے، سفاکانہ قوانین اور ریاستی دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل پاکستان کا حتمی مقصد ہے،

ریاست جموں و کشمیر کے متعلق حتمی فیصلہ صرف کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا اور کشمیری عوام جبر، ناجائز قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا قیام امن کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کریں گے اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔\