کشمیری 5اگست کو یوم استحصال کشمیرکے طور پر منائیں گے، کنوینئرجموں و کشمیر فریڈم موومنٹ

249

سیالکوٹ۔30جولائی (اے پی پی):جموں و کشمیر فریڈم موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر زاہد غنی ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر 5اگست کو’’یوم استحصال کشمیر ‘‘کے طور پر منائیں گے تاکہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے 2019 میں اس دن کئے گئے غیر قانونی اور دھوکہ دہی پر مبنی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج درج کراسکیں۔

منگل کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے5اگست 2019کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئےبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر د ی اور علاقے کا غیر معمولی فوجی محاصرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم استحصال منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری جموں وکشمیرپر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے اور 5اگست 2019کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کی تاریخ کا سب سے المناک، دردناک اور سیاہ ترین دن ہے۔