کشمیر بارے بھارتی وزیر داخلہ کا بیان مضحکہ خیز ہے، حریت کانفرنس

132

سری نگر ۔ 07 فروری (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کے کشمیر بارے حالیہ بیان کہ ”کشمیر ہمیشہ بھارت کا حصہ رہے گا“ کو بھارت کی روائتی ضد اور ہٹ دھرمی کا عکاس قرار دیاہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں واضح کیاکہ اس طرح کی بیان بازی سے حقائق کو بدلا نہیںجاسکتا ۔انہوںنے راج ناتھ کے اس بیان کے کشمیر کے بجائے پاکستان میں ریفرنڈم کرایا جائے کو مضحکہ خیز اور بے معنیٰ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں ریفرنڈم کرانے کے نتائج سے خوب واقف ہے اور اس لیے وہ آئیں بائیں شائیں کرکے اس کو ٹالنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اس کے التواءمیں رہنے سے نہ صرف جموں وکشمیر کے ڈیڑھ کروڑ عوام غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوکر مشکلات اور مصائب اٹھارہے ہیں، بلکہ یہ مسئلہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اور جنگ جیسی صورتحال کی واحد وجہ ہے۔