
اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کشمیر برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نا مکمل ایجنڈا ہے اور جب تک اس مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کیا گیا تو اس وقت تک جنوبی ایشاء میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے خواب کی تکمیل تک اپنی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر وصدر پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں غیر قانونی محاصرے کے نفاذ کو ڈیڑھ سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے مودی کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اور غیر انسانی محاصرہ جاری ہے اور کئی بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکاہے ۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تمام تنظیموں پر لازم ھے کہ وہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے معصوم اور بے گناہ لوگوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کو رکوانے میں اپنا عملی کام سر انجام دیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر قسم کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزید کہا کہ پارلیمان میں قائم کی گئی کشمیر کی خصوصی کمیٹی اور ان کے نمائندے پوری دنیا میں مودی سرکار کی طرف سے ڈھائے جانے والےشرمناک مظالم کو بے نقاب کر نے کے علاوہ مسئلہ کشمیر کو علاقائی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کر رہے ہیں
اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت بھی اس حوالے سے کافی متحرک ہے اور پہلی بار مسئلہ کشمیر کو کشمیری بھائیوں کی امنگوں کے مطابق پوری دنیا میں اجاگر کیا جارہا ہے۔صدر پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پارلیمان کی کشمیر کی حق خودارادیت کے لئے کی جانے والی جدوجہد کو سراہا اور اس امید کاا ظہار کیا کہ ان کاوششوں میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید تیزی آئے گی انہوں نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوشش جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیر منایا گیا اور اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستانی عوام اور حکومت کی حمایت سے کشمیری عوام ایک دن آزادی حاصل کرکے رہیں گے۔