کشمیر غیرت مندوں کی وہ سرزمین ہے جہاں آزادی کی شمع لہو سے روشن کی جا رہی ہے، بابر سلیم سواتی

74
Khyber Pakhtunkhwa Assembly
Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور۔ 04 فروری (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نےکہا ہے کہ 5 فروری صرف یکجہتی کا دن نہیں، بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہمارے اٹوٹ رشتے، ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جراتمندانہ مؤقف کی تجدید کا دن بھی ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک زمین کا ٹکڑا نہیں، بلکہ غیرت مندوں کی وہ سرزمین ہے جہاں آزادی کی شمع لہو سے روشن کی جا رہی ہے۔

بھارت کے جبر و استبداد کے باوجود کشمیری عوام آج بھی اسی حوصلے اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں جیسے وہ 1947 میں تھے۔ یہ تحریکِ آزادی ایک فیصلہ کن موڑ پر ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ ظلم زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتا۔بابر سلیم سواتی نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انسانی حقوق کی علمبردار طاقتیں واقعی انصاف پر یقین رکھتی ہیں تو انہیں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنا ہوگا۔ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں صرف کاغذوں تک محدود نہیں رہ سکتیں بلکہ ان پر عمل درآمد عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ پاکستانی عوام کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہم کبھی بھی انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر ہمارے اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔