فیصل آباد۔ 05 فروری (اے پی پی):میونسپل کارپوریشن ہال فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بدھ کو ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت مرکزی یوم یکجہتی کشمیرریلی و سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے،کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور مرتے دم تک قائم رہے گاجبکہ ہر پاکستانی کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے نیزجب تک کشمیریوں کا حق خود ارادیت ان کو مل نہیں جاتااس وقت ان کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ شامل رہے گا۔
انہوں نے شرکاکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آج جنگیں گولی سے زیادہ قابلیت کی بنیاد پر لڑی جا رہی ہیں لہٰذا کوئی افسر ہو،تاجر ہو،ٹیچر ہو، طالب علم ہو یا سول سوسائٹی کا کوئی فرد ہو وہ اپنی ذمہ داری ایمانداری کے ساتھ ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم اپنے خواب اور ایجنڈا کی تکمیل چاہتے ہیں تو ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا اور اگر ہم جیسے 75 سال ہم نے گزارے ہیں آپس میں لڑیں گے اور جو اس ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے وہ کردار ادا نہیں کریں گے تو پھر شاید ہم اپنے ارادوں اور نعروں کی تکمیل نہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ان اہداف کے حصول کے لیے ہمیں اپنے آپ کو مضبوط کرنا ہوگا،محنت اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔مرکزی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر،پولیس وانتظامیہ،میونسپل کارپوریشن،میڈیا اوردیگر اداروں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے واک میں حصہ لیا اور میونسپل کارپوریشن اور الائیڈ ہسپتال ٹو کے سامنے شاہراہ پر ریلی نکالی۔انہوں نے کشمیریوں کیساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہار کیلئے نعرے لگائے اور تجدید عہد وفا کے عزم کو دہرایا۔