کشمیر پراو آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں سرتاج عزیز، ترکی اور آذربائیجان کے وزراءخارجہ، اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر کی شرکت

129

نیویارک ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کے (کل) بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب سے پہلے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے کشمیر بارے رابطہ گروپ کے اراکین نے بہادرکشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور بھارت کے زیر قبضہ متنازعہ ریاست میں بھارتی مظالم کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والے اجلاس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے مابین کئی دہائیاں پرانے تنازعہ کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ رابطہ گروپ کے اراکین نے بین الاقوامی سطح پر کشمیری عوام کے مسئلہ کے حل کیلئے آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی کی صدارت میں ہوا جس میں خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز، ترکی اور آذربائیجان کے وزراءخارجہ، نائیجر اور سعودی عرب کے سینئر نمائندہ اور آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے بھی شرکت کی