کشمیر کا تنازعہ اقتدار کی جنگ نہیں، کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کا مسئلہ ہے، شیخ عبد المتین کا بیان

73
حریت کانفرنس
کل جماعتی حریت کانفرنس کا1965کی جنگ کےہیروز کو شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کےجنرل سیکرٹری شیخ عبد المتین نے کہا ہے کہ کشمیر کا تنازعہ اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ کشمیریوں کی غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کا مسئلہ ہے، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی ، غیر قانونی حراست، خواتین کی بے حرمتی اور گھروں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ قابل مذمت ہے، کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نےکہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیر کے آزادی پسند عوام کی آواز کی نمائندگی کرتی ہے اور وہ بھارتی جبرو استبداد کے باوجود جاری تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔ بیان میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط علاقے کے مسلم اکثریتی کردار کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لیے بھارتی فسطائی حکومت کی طرف سے 5 اگست 2019 سے مسلط کیے گئے بدترین فوجی محاصرے کی بھی شدید مذمت کی گئی اور شہدائے کشمیر کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

انہوں نے بھارتی جیلوں ، عقوبت خانوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کے عزم و ہمت کو سراہا گیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، غلام احمد گلزار، الطاف احمد شاہ، نعیم احمد خان، پیر سیف اللہ، ناہید نسرین، معراج الدین کلوال، ایاز محمد اکبر، فاروق احمد ڈار اور شاہد الاسلام سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔