اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):ممبر سنٹرل کور کمیٹی یو بی جی احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ27 اکتوبر کا دن ایک یاد دہانی ہے کہ کشمیری عوام دہائیوں سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ان کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے،عالمی برادری کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔یوم سیاہ کے موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس روز کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا مقصد دنیا کو یاد دلانا ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقوق کے لیے آج بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔
کشمیر کا مسئلہ محض زمینی تنازعہ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے مستقبل اور ان کی شناخت کا معاملہ ہے۔کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر بلکہ بین الاقوامی اصولوں کے تحت بھی تسلیم شدہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی جانب سے 1947 میں کشمیر پر قبضہ اور حالیہ برسوں میں آرٹیکل 370 کی منسوخی نے کشمیر کے عوام کے حقوق کو مزید پامال کیا ہے۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔ انہوں نے عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں اور بھارت کو مذاکرات کی میز پر لائیں تاکہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔
بختاوری کا یہ بیان پاکستانی عوام کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا عکاس ہے اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی کھلی مذمت کرتا ہے،یہ دن کشمیر کی تاریخ میں ایک تاریک باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ 1947 میں اس روز بھارتی فوج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر وہاں قبضہ کر لیا اور تب سے کشمیری عوام کو اپنے بنیادی حقِ خود ارادیت سے محروم کر دیا گیا۔اس قبضے کے بعد سے لاکھوں کشمیریوں نے اپنے حقوق کے لیے جانیں قربان کیں۔ بھارتی قبضے کے تحت کشمیری عوام کو ہر طرح کے ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑا، جن میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں۔
خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ذریعے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا، جس سے کشمیر میں جائیداد کے حقوق اور آبادیاتی تبدیلیاں لاحق ہو گئیں۔27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر پاکستان اور کشمیری عوام عالمی برادری کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی ان کا جائز حق ہے اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانا دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔