اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاق وزرا نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ جب تک ایک بھی پاکستانی زندہ ہے وہ جموں و کشمیر کے مظلوموں کے حق خود ارادیت کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نشر ہونے والے اپنے ویڈیو پیغامات میں کیا۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کہا کہ پاکستانی اور سرحد کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلئے ہر سال یہ دن مناتے ہیں اور اس کا بنیادی مقصددنیا بھر کو یہ پیغام دینا ہے کہ جب تک ایک پاکستانی اور ایک بھی کشمیری زندہ ہے تو یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے گزشتہ 77 سالوں سے معصوم اور نہتے عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس حوالے سے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ سب سے بڑی جمہوریت کے دعوے کر نے والے ملک بھارت سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے پاس کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے عالمی برادری نے یہ وعدہ کیا تھا کہ ان کی رائے اور ان کی مرضی سے ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا جو آج تک ممکن نہیں ہو سکا اور نہ ہی اس پر عمل درآمد ہوا ہے ۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کا ہر فورم پر ساتھ دے گا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر کےلئے ایک پیغام ہے کہ پاکستان کی عوام کشمیریوں کے ساتھ تھے ، ہیں اور انشاءاللہ تعالیٰ آئندہ بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے ہر شخص کی آواز کو دبا رکھا ہے اور علاقے پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بہادرانہ جدوجہد کی غیر متزل اور اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جموں کشمیر کا تنازعہ 1947 سے تقسیم کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے ،یہ تنازعہ اقوام متحدہ کی تاریخ کے طویل ترین نامکمل ایجنڈوں میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں اور ان پر عمل درآمد بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے التوا کا شکار ہیں ۔ انہوں نے بھارت اور بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وعدے کو پورا کریں جو انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ 70 سال پہلے کیا تھا ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہر پاکستانی کے دل کے قریب ہے اور ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے جب تک ان کو آزادی کے خواب کی تعمیر نہیں ملتی ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیر کے عوام کو ازادی نہیں مل جاتی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کر رہی ہے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے جائز حق خود ارادیت کے لیے قابض بھارتی ظلم و جبر کے خلاف برسر پیکار ہیں ،کشمیری عوام اپنے حق آزادی کے حصول کے لیے ایک بے مثال اور تاریخی جدوجہد میں مصروف ہیں ،ان کی قربانیوں نے آزادی کی شمع کو ہمیشہ روشن رکھا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ دن قریب ہے جب ان کے خواب تعبیر پائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستانی عوام ان عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کشمیری عوام 77 سال سے وحشیانہ بھارتی ظلم م و استبداد کے خلاف دیتے آ رہے ہیں ،ان کا صبر ،حوصلہ اور استقلال تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا اور ناقابل شکست ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک وہ بھارتی ظلم و ستم کا شکار رہیں گے پاکستان کبھی خاموش نہیں بیٹھے گا اور نہ ہی اپنے اصولی موقف سے دستبردار ہوگا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری عوام کے حق خودارا دیت کی حمایت ہر سفارتی ،سیاسی اور اخلاقی محاز پر جاری رہے گی ،ہم کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ ہیں ،کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے اور پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ 77 سال سے لاکھوں کشمیری شہید کیے گئے ، بچوں کو بھی مارا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا عورتوں، بزرگوں کے ساتھ ساتھ جو بھی آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کےلئے آواز بلند کرتا ہے ، بھارت کی جانب سے اس پر مظالم کی انتہا کر دی جاتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بہت بڑی تعداد میں فوج تعینات کی گئی اور انسانوں کے مقابلے میں بھارتی فوج کا تناسب پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضی کشمیر میں تعینات قابض بھارتی افواج کے ذریعے انسانیت کا باقاعدہ قتل کیا جا رہا ہے اور پوری عالمی برادری اور اقوام متحدہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کو دیکھ رہی ہے۔
سردار اویس لغاری نے کہا کہ اسی اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا تھا ، اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری اپنے ووٹ اور ریفرنڈم کے ذریعے فیصلہ کریں گے کہ ہمارا مستقبل پاکستان کے ساتھ ہوگا یا بھارت کے ساتھ لیکن ان کو اس کا حق نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی بشمول میرے 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا ۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا دن ہم اس وقت تک مناتے رہیں گے اور جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک ایک جمہوری عمل اور کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کے مطابق یہ مسئلہ حل نہیں ہو جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ پورے خطے میں امن کے لیے یہ ضروری ہے کہ کشمیریوں کو ان کا جمہوری حق دیا جائے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور خود کو بھارتی مظالم اور تسلط سے آزاد کرا سکیں۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں ،بہنوں اور بزرگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور بھارت کے ظلم اور بربریت کا ڈٹ کے مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی جدوجہد کو زندہ بھی رکھے ہوئے اور آگے بھی بڑھا رہے ہیں ، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور اس بات کا عہد کرتی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد کے ساتھ ہیں ، انہیں ہماری اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ حاصل رہے گی اور ہم پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑتے ہوئے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ پوری دنیا کشمیر کے مظلوموں کے حق کے لیے آواز بلند کرے ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی حکومت جو بربریت اور ظلم کی مرتکب ہے ، کو اس بات کا احساس دلائے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیر یوں کو حق خود ارادیت دے جو ان کا بنیادی حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنا ظلم اور بربریت ہے اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔
رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اب یہ وقت آ چکا ہے کہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد انشاءاللہ تعالی کامیاب ہوگی اور انہیں حق خود ارا دیت ملے گا اور اپنے حق کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کریں گے ،ہم کشمیر کی جدوجہد کو سلام کرتے ہیں اپنے بھائیوں کو ان کی جدوجہد میں بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہیں اور کشمیر کے شہدا کے لیے بھی دعا گو ہیں ، اللہ تعالی انہیں غریق رحمت کرے ،ان کے درجات کو بلند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ کشمیر کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہو۔