لاہور۔18 نومبر(اے پی پی ) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں جب تک کشمیر پاکستان کے جغرافیہ کا حصہ نہیں بن جاتا تب تک ہم نامکمل ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے وہ قتل عام ہے اس کے علاوہ اور کوئی ٹرمنالوجی نہیں ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سیاسیات اور سنٹر فار ساوتھ ایشین سٹڈیز کے زیر اہتمام کشمیر میں بھارتی جارحیت کی حالیہ لہر‘کے موضوع پرالرازی ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران ، مقبوضہ جموں و کشمیر کے معروف صحافی مرتضیٰ شبلی،ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عنبرین جاوید، فیکلٹی ممبران اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سردار مسعود خان نے کہا کہ دنیا کی کسی جمہوریت میں اتنا ظلم و تشدد نہیں ہو رہا جتنا کشمیر میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کوئی دہشت گرد نہیں ہے اور نہتے عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لائن آف کنٹرول نہیں بلکہ سیز فائر لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر کبھی حملہ نہیں کر سکتا اگر اس نے ایسا کیا تو یہ اس کی خودکشی ہو گی۔