کشمیر کے بے آواز اور قوتِ سماعت سے محروم افراد کی آواز بنیں گے ، جدید تکنیک کے ذریعہ ان کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچایا جائے گا،پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی کاعزم

69

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے عزم کیا ہےکہ وہ کشمیر کے بے آواز اور قوتِ سماعت سے محروم افراد کی آواز بنیں گے اور جدید تکنیک کے ذریعہ ان کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچایا جائے گا۔معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر پارلیمان میں پاکستان کے قوتِ سماعت سے محروم پہلے بلاگر حسن علی سے ملاقات میں شہریار آفریدی نے کہا کہ قوتِ سماعت سے محروم برادری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے اور انہیں چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معذور افراد کی سہولت کے لئے کوشاں ہے۔آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہزاروں لوگ سماعت سے محروم ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوتِ سماعت سے محروم افراد رابطے کےلئے مکمل طور پر تیسرے فرد پر انحصار کرتے ہیں اور ان کی مدد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ کشمیر کمیٹی ایک مشاورتی بورڈ تشکیل دے گی تاکہ قوتِ سماعت سے محروم لوگوں اور دیگر معذور افراد کو قومی دھارے میں لانے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصافپسماندہ علاقوں کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔بھارتی نوآبادیاتی حکومت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی جسمانی اور ذہنی اذیتوں کی وجہ سے ہزاروں کشمیری قوتِ سماعت سے محروم ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان کی قابض حکومت ان کی حالت زار پر چپ سادھے بیٹھی ہے۔ ہم ان کشمیریوں کی آواز بن کر عالمی سطح پر اس مسئلے کواجاگر کریں گے۔قوتِ سماعت سے محروم افراد کے ساتھ رضاکارانہ طور پر کام کرنے والی میمونہ اعوان نے اپنی گفتگو میں شہریار آفریدی کو بتایا کہ پاکستان میں تقریباً نو ملین بہرے افراد کو زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ پورے ایشیاء میں قوتِ سماعت سے محروم افرادکو بااختیار بنانے کے لئے کام کر رہی ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ ان میں سے 60 فیصد لوگ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ دنیا بھر میں قوتِ سماعت سے محروم برادری سب سے زیادہ پسماندہ ہے۔ قوتِ سماعت سے محروم حسن پاکستان کا پہلا بلاگر ہے جو بہروں کے لئے بلاگ تیار کررہا ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ رضاکاروں کو اشاروں کی زبان سکھائی جائے گی تاکہ وہ ویڈیو کے ذریعے دنیا بھر کی سماعت سے محروم برادری کے لیے معلومات کا ذریعہ بن سکیں۔حسن علی نے چیئرمین شہریار آفریدی کو اپنی بلاگ ویڈیوز کے ذریعہ قوتِ سماعت سے محروم افراد کے لیے کام کرنے اور ان کی مدد کرنے کے جذبے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پسماندہ لوگوں کو تعلیم دلانے کے لئے بلاگ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کے پاس پاکستان اور دنیا کے بارے میں جاننے کے لئے کوئی اور سہولت موجود نہیں ہے۔