کشکول توڑ چکے تھے‘ پی ٹی آئی نے ملکی معیشت بربادکرکے معاشی بحران جنم دیا‘احسن اقبال کاجدہ میں پاکستانیوں سےخطاب

160
Federal Minister for Planning Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کشکول توڑ چکے تھے پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا،پی ٹی آئی کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ نصف کر دیااورسابق حکمران نے حکومت جانے کا غم اس قدر لیا کہ پوری قوم کودست وگریباں کردیا۔

ہفتہ کے روز احسن اقبال نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد پاکستان قونصلیٹ جدہ میں پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک ہر شخص کی اچھائی یا برائی اس کے ذاتی نام سے نہیں بلکہ اس کے ملک سے پہچانی جاتی ہے اس لئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا امن و امان کے مسئلے پر حکومت بھر پورتوجہ دے رہی ہے مگر بد قسمتی سے پنجاب اور سرحد میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ مرکز کے خلاف ہر قدم اٹھاتی ہے اور ملک کے سکیورٹی اداروں کیخلاف مہم چلاتی ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جاتے ہیں۔

سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیر اعظم کی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لئے مہم چلاتے ہیں، کیا یہ ملک کی خدمت ہے؟ یہ کون سی ملک سے محبت ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے بھی انہوں نے اقوام متحدہ سے دوست ممالک کو بھی کہا کہ ان کی امداد نہ کرو یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ریاست مدینہ ‘ جمہوریت اورنئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے کہتے ہیں کہ عوام سیلاب میں ڈوبے رہیں مگر وہ سیاست سیاست کھیلتے رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کھیلنے کا نہیں بلکہ قوم کو متحد کرنے کا اور ملک میں سیاسی استحکام قائم کرنے کا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سعودی عرب سےدیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،اور رہیں گے۔سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملک کے لئے اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہماری حکومت ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے،چھ ماہ کے دوران ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا،

گذشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت دائوپرلگ چکی تھی،انہوں نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر عمل کرکے ملکی معیشت کو بہتر بنایا ، بھارت اور پی ٹی آئی دو قوتیں تھیں جو پاکستان کے آئی ایم ایف معاہدہ کی بحالی کے لئے مخالفت میں کمربستہ تھیں۔ ملک گرے لسٹ سے بھی نکل گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن جب بھی برسر اقتدار آئی اس نے ملک کو بہتری کی جانب بڑھایا ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہناتھا کہ ہمارا مستقبل سیاسی استحکام اور برآمدات کی ترقی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے قبل ہم آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرکے کشکول توڑ چکے تھے پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کو برباد کیا جس سے معاشی بحران نے جنم لیا،پی ٹی آئی کی حکومت نے ترقیاتی بجٹ نصف کر دیا،

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے پی ٹی آئی اور اسکے کچھ میڈیا میں حواری بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں انکا کہنا تھا کہ پاک چین راہداری کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے دوست ممالک سمیت دنیا بھر سے تعلقات کو بہتر بنایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سی پیک کے طرز کا سعودی عرب سے بھی اقتصادی تعاون قائم کرنا چاہتے ہیں۔

سی پیک کے تحت چین اور سعودی عرب کو مشترکہ سرمایہ کاری کی پیشکش کی گئی ہے۔ پاکستان کا مستقبل اس بات پہ ہے کہ ہم اپنی برآمدات 30 سے 100 ارب ڈالر کتنے سالوں میں کرتے ہیں۔ ہر بیرون ملک مقیم پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ برآمدات میں اضافہ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ بیرون ملک محنت کش پاکستانیوں کے لئے انشورنس سکیم متعارف کروائی جائیگی تاکہ ان کی حادثاتی موت کی صورت میں ان کے خاندان کی کفالت ہو سکے۔