برسلز۔14جون (اے پی پی):ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر میزائل حملوں کے بعداقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ بڑھتی ہوئی کشیدگی روکیں۔اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایکس پر لکھا کہ یہ کافی کشیدگی ہے۔ اب اسے روکنے کا وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن اور سفارت کاری کو غالب ہونا چاہیے۔
اس سے قبل جمعرات کی رات اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر حملوں میں ملک کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور کم از کم دو اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو ہلاک کر دیا۔ایران پر اسرائیل کے حملے میں ملک کی اہم جوہری افزودگی کی تنصیب سمیت متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ ایران کی جانب سے جمعے کی رات اسرائیل پر جوابی فضائی حملہ کیا گیا جس کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن بجائے گئے۔
دھماکوں کی آوازیں پورے یروشلم میں سُنی گئیں، جس کے بعد اسرائیلی ٹی وی چینلز نے بظاہر میزائل حملے کے بعد تل ابیب میں دُھوئیں کے بادل اُٹھتے ہوئے دکھائے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ’ملک پر درجنوں میزائل داغے گئے‘ جس کے بعد ملک بھر کے رہائشیوں کو بم پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دے دیا گیا۔