اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی مشکل معاشی صورتحال کے تناظرمیں تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر کسی استثنیٰ کے اپنی صفوں میں خلوص اور لگن کے ساتھ کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی مانیٹرنگ کمیٹی کے پہلے ا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کفایت شعاری سے متعلق کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی صورتحال پر پریزنٹیشن دی۔
بتایا گیا کہ وزارتیں/ڈویژن پہلے ہی ان اقدامات پر کام کر رہے ہیں اور ان فیصلوں میں دی گئی کسی بھی چھوٹ اور خلاف ورزی کی رپورٹنگ اور فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کمیٹی نے تمام پی اے اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موجودہ بجٹ میں 15 فیصد کٹوتی پر عمل درآمد کریں۔
یہ فیصلہ کیا گیا کہ وقت اور اخراجات کی بچت کے لیے تمام میٹنگز کے لیے ٹیلی کانفرنسز کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ کمیٹی نے آگاہ کیا کہ کابینہ کے ارکان اور سرکاری افسران کے پرتعیش گاڑیوں کے استعمال کو واپس لینے کے فیصلے پر کسی بھی صورت میں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کی چیلنجنگ معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ بغیر کسی استثنیٰ کے اپنی صفوں میں خلوص اور لگن کے ساتھ کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔