کلائمیٹ فنڈ سے پاکستان کے زرعی شعبے کو بدلتے موسمیاتی منظر نامے سے ہم آہنگ کیا جائے گا، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کاباکومیں خطاب

72

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ کلائمیٹ فنڈ سے پاکستان کے زرعی شعبے کو بدلتے موسمیاتی منظر نامے سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ” ایکیومن کلائمیٹ فنڈ فار پاکستان” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کا اہتمام باکو میں کا پ۔29 سمٹ میں ” پاکستان پویلین” میں کیا گیا۔

وزیرخزانہ نے زراعت کے شعبے میں موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا شدہ چیلنجوں کا ذکر کیا اوران چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ملک کے پہلے کلائمیٹ فوکسڈ فنڈ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ مو سمیاتی خطرات سے دو چار اقوام کی مدد کے لیے اچھوتے موسمیاتی حل کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر گیسوں کے اخراج میں شریک نہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار اقوام زیادہ امداد کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ فنڈ سے پاکستان کے زرعی شعبے کو بدلتے موسمیاتی منظر نامے سے ہم آہنگ کیا جائے گا، کلائمیٹ فنڈ کے ذریعے بڑھتے ہوئے موسمیاتی چیلنجوں کے تناظر میں درپیش غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے زراعت کے شعبے کو محفوظ و مستحکم بنانے میں شریک کاروباری سرگرمیوں کی اعانت کی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ ملک کے چھوٹے کسانوں کو براہ راست امداد فراہم کرنے کے لیے فنڈ کو زیر استعمال لایا جائے گا۔