کلبھوشن یادیو کے معاملے میں فیصلہ قومی سلامتی کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا،خواجہ محمد آصف

80

اسلام آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے میں فیصلہ قومی سلامتی کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو ایک بھارتی جاسوس ہے اور اس نے اقبال جرم بھی کیا ہے اس لیے اس معاملے پر کسی قسم کا کوئی بیرونی دباﺅ قبول نہیں کیا جا ئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی ہمیں سب سے مقدم ہے جس کا ہر لحاظ میں خیال رکھا جائے گا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے پر عالمی عدالت انصاف کا عبوری فیصلہ آیا ہے اور عبوری فیصلے کو کسی کی جیت یا ہار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی پھانسی لیٹ نہیں کی گئی بلکہ ٹائم فریم پر عمل کیا جا رہا ہے۔