کلرسیداں ،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں کا دورہ کیا،

84

کلرسیداں۔ 26 فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے گزشتہ روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں کا دورہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے بارے میں استفسار کیا۔اس موقع پر انہوں نےزیر علاج بچے کے والد کی درخواست پر صوبائی وزیر صحت نے ب فارم کی شرط ختم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بچہ ب فارم نہ ہونے کی وجہ سے بغیر علاج واپس نہ جائے۔

ایمرجنسی میں داخل مریض نے بتایا کہ ایمرجنسی میں اس وقت صرف ایک ہی مانیٹرنگ مشین دستیاب ہے جس پر صوبائی وزیر صحت نے چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈسٹرکٹ راولپنڈی کو مزید چھ مانینٹرنگ مشینیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ایک سال میں ماڈل ہسپتال بنا دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ٹراما کی بجائے ایمرجنسی کو بہتر بنا رہے ہیں۔انہوں نے مریض کی شکایت پر تمام وارڈز میں بوسیدہ بیڈز کی جگہ نئے بیڈز کی خریداری کےلئے رپورٹ طلب کر لی تا کہ اسے موجودہ اے ڈی پی میں شامل کیا جا سکے۔ مریضوں کی جانب سے تعریفی کلمات پر صوبائی وزیر صحت نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی آصف رباب نیازی ، ایم ایس ڈاکٹر عابدہ پروین سمیت تمام سٹاف کو تعریفی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ایم پی اے راجہ صغیر احمد، ڈی سی راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم، سٹی صدر حاجی اخلاق حسین، جنرل سیکرٹری چوہدری زین العابدین عباس، سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے