راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):راولپنڈی میں تین معصوم بچے نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز فوری طور پرچوآ خالصہ تکال روڈ، کلر سیداں روانہ کی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق جاں بحق بچوں میں 10 سالہ عثمان، 9 سالہ طیبہ اور 6 سالہ حمزہ شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچوں کی لاشوں کو نالے سے نکالا اور ورثاء کے حوالے کر دیا۔ حادثہ کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ اہل علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں اور دیگر خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔