کلر کہار میوزیم کا افتتاح، میوزیم کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا

355
کلر کہار میوزیم کا افتتاح، میوزیم کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا
کلر کہار میوزیم کا افتتاح، میوزیم کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا

راولپنڈی۔12اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر سیاحت آصف محمود نے کلر کہار میوزیم کا افتتاح کر دیا اور میوزیم کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا۔

مشیر سیاحت نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلر کہار سمیت سالٹ رینج میں سیاحت کے فروغ کے لئے کافی پوٹینشل موجود ہے، میوزیم قائم کر کے کلر کہار کو سیاحوں کے لئے مزید پرکشش بنا دیا گیا ہے جس سے یہاں سیاحوں کی تعداد میں بھرپور اضافہ کے ساتھ ساتھ سیاحتی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔

مشیر سیاحت آصف محمود نے کہا کہ حکومتِ پنجاب مستقبل قریب میں صوبے کے تمام مشہور اور تاریخی سیاحتی مقامات پر میوزیم قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی الیاس گل نے کہا کہ کلرکہار میوزیم کے تعمیراتی کام کا آغاز 09-2008 میں ہوا تھا تاہم سٹاف کی عدم بھرتی کے سبب منصوبہ بار بار تاخیر کا شکار ہوتا رہا، اب تمام ضروری سٹاف بھرتی کر لیا گیا ہے اور میوزیم عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

سیکریٹری سیاحت احسان بھٹہ نے کہا کہ کلر کہار میوزیم میں فوسلز گیلری، انڈس گیلری اور گندھارا گیلری کے نام سے قائم کی گئی تین گیلریوں میں صدیوں پرانے نوادرات رکھے گئے ہیں، فوسلز گیلری میں لاکھوں سال پرانے فوسلز موجود ہیں جبکہ انڈس اور گندھارا گیلریوں میں سات ہزار قبل مسیح سے لے کر پہلی اور ساتویں صدی عیسوی تک کے نوادرات رکھے گئے ہیں، میوزیم میں پانچویں صدی سے لے کر آج تک کے سکے بھی سجائے گئے ہیں،

اسی طرح پرانے زمانے کے زیورات، جنگی سازوسامان اور ضلع چکوال کی تاریخی اشیاءکو گندھارا گیلری میں رکھا گیا ہے۔ قبل ازیں مشیر سیاحت آصف محمود نے میوزیم کے افتتاح کے بعد سیکریٹری سیاحت اور دیگر حکام کے ہمراہ میوزیم میں بنائی گئی گیلریز میں رکھے گئے نوادرات کا معائنہ بھی کیا۔