کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس ملک بھر میں شروع کیا جارہا ہے جس کی رونمائی وزیر اعظم عمران خان 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں کریں گے ملک امین اسلم

202

اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اہم صاف و سرسبز پروگرام کے تحت کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس ملک بھر میں شروع کیا جارہا ہے جس کی رونمائی وزیر اعظم عمران خان 30 اکتوبر (بروز بدھ ) کو اسلام آباد میں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوارکومیڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ملک امین نے کہا کہ اس انتہائی اہم تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء اور اعلیٰ سطحی انتظامیہ کے نمائندے، مختلف ممالک کے سفیر، تعلیمی ادراروں کے اساتذہ اور شاگرد، مقامی اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندکے شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانا پاکستان تحریک انصاف کی حالیہ حکومت کے سیاسی منشور کا ایک اہم جزو ہے جس کے تحت وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں آلودگی، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر قابوں پانے کا وعدہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس سیاسی منشور کے مقاصد حاصل کرنے کے لیے موجودہ حکومت کے آتے ہی عمران خان نے ماحولیاتی بہتری، آلودگی، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکنے اور بڑے پیمانے پر نئے جنگلات اگانے کے لیے ٹین بلین ٹری سونامی اور کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام جیسے منصوبے شروع کیے جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ان منصوبوں کی نگرانی براہ راست وزیر اعظم کررہے ہیں تاکہ ملک کو صاف و سرسبز بنایا جاسکے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کے بارے تفصلی بات کرتے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری حسن ناصر جامی نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین انڈیکس کا مقصد ملک کے مختلف شہروں کے عوام کو صاف پانی، صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی ماحول دوست طریقے سے انتظام کاری، حفظان صحت کی بہتر سہولیات اور شہروں میں شجرکاری کے حوالے سے مقابلے شروع کرنا ہے تاکہ لوگوں کی صحت اور شہروں کی ماحولیاتی بگڑتی ہوئی صورتحال سے درپیش خطرات پر قابو پاکر شہروں کو صاف ستھرا اور سرسبز بنایا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ان اہم ماحولیاتی شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے والے شہروں کی ملکی سطح پر حوصلہ افزائی کرکے تعارفی اسناد اور ان کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔