’’کلین لاہور مشن‘‘ کو مکمل کرنے کے لیے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، ڈپٹی کمشنر لاہور

53

لاہور۔3جون (اے پی پی):لاہور کو صاف اور سرسبز بنانے کے مشن پر ضلعی انتظامیہ بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں "کلین لاہور مشن” بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی، انسداد تجاوزات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں،ٹولنٹن مارکیٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ لاہور کینٹونمنٹ بورڈ اور والٹن کینٹونمنٹ کے علاقوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق ’’کلین لاہور مشن‘‘ کو مکمل کرنے کے لیے انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے

روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن جاری ہے جن میں روہی نالہ، نبی پورہ، لال پل، قاسم پارک، شاہدرہ اور دیگر علاقے شامل ہیں، بینرز، پوسٹرز اور سٹریمرز کے خاتمے کے لیے بھی موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،انسداد تجاوزات مہم کے تحت غیرقانونی تشہیری مواد کا صفایا کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ سالڈ ویسٹ روزانہ کی بنیاد پر جمع کر کے مخصوص جگہوں پر ڈالا جائے اور گھر گھر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے نظام کو تسلسل سے جاری رکھا جائے۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا کا کہنا ہے کہ لاہور کو صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے اور انتظامیہ اس مشن کی تکمیل تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔