کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کا کشمیریوں کی دوران حراست جبری گمشدگیوں پر اظہار تشویش

123
کل جماعتی حریت کانفرنس

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام لاپتہ افراد کے عالمی دن پر اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیاگیا ،جس میں کشمیریوں کی دوران حراست جبری گمشدگیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین کی زیر صدارت اجلاس میں مقرین نے کہاکہ آج جب عالمی برادری لاپتہ افراد کا عالمی دن منا رہی ہے بیشتر کشمیری خاندان بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی حراست میں لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی طویل عرصے سے دوران حراست کشمیریوں کی گمشدگیوں میں براہ راست ملوث ہیں اور ان میں سے بیشتر کشمیریوں کو آخری بار بھارتی فوج کی حراست میں دیکھا گیاتھا۔

مقررین نےبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں دوران حراست جبری گمشدگیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ افراد کے بارے میں ان کے لواحقین کو فوری طورپر معلومات فراہم کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ بھات کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں

۔انہوں نے کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت اور دوران حراست قتل اورخواتین کی آبرو ریزی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔ مقررین نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اورعالمی سطح پر کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی مذمت کاسلسلہ جاری ہے ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے ہی تنازعہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے ذریعے دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے جموں وکشمیرکی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی سمیت انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کافوری نوٹس لیں۔اجلاس میں نثار مرزا، ایڈووکیٹ پرویز احمد، امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف، حاجی سلطان بٹ، سید مشتاق ،عبدالمجید، گلشن احمد، ، عدیل مشتاق وانی، محمد اشرف ڈار،شوکت احمد بٹ، منظور احمد ڈار اوردیگر نے خطاب کیا۔