کل جماعتی حریت کانفرنس کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہارتشویش

103
Srinagar

سرینگر۔8نومبر (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے آج سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ اور جموں اضلاع میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور مکینوں کو ہراساں کیا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایس آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پیرا ملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر ان اضلاع کے مختلف علاقوں میں کئی گھروں پر چھاپے مارے اور مکینوں کو ہراساں کیا۔ چھاپوں کے دوران انہوں نے الیکٹرانک آلات اور بینک دستاویزات بھی ضبط کرلیں۔

دریں اثناء امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک رپورٹ میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی اور پرامن احتجاج پر عائد پابندیوں کو اجاگر کیاہے۔رپورٹ میں مقامی لوگوں اور علمائے دین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہرقسم کے مظاہروں پر پابندی لگادی ہے اور مسلمان خطیبوں سے کہاہے کہ وہ اپنے خطبات میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا ذکر نہ کریں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں متنازعہ علاقے میں مودی حکومت کی طرف سے ہر قسم کے احتجاج کو روکنے کی کوششوں کا حصہ ہیں تاکہ احتجاج بھارتی تسلط کے خاتمے کے مطالبے میں تبدیل نہ ہو جائے۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی سرپرستی میں کام کرنے والے ڈرگ مافیا نے پورے مقبوضہ علاقے بالخصوص وادی کشمیر کو منشیات کے گڑھ میں تبدیل کر دیا ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس جال میں پھنستی جا رہی ہے۔

بھارتی فوج اور دیگر ایجنسیاں کشمیری نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرنے کیلئے ڈرگ مافیا اور ہندوتوا قوتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں تاکہ انہیں تحریک آزادی سے دور کیا جا سکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت اور مقبوضہ جموںوکشمیرکی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی بگڑتی ہوئی صحت اور سلامتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری نظربندوں کو جیلوں میں علاج ومعالجے اور معیاری غذا سمیت بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے نظر بند متعدد امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں اور فسطائی جیل حکام کی مجرمانہ بے حسی کی وجہ سے وہ ہڈیوں کے ڈھانچے بن کر رہ گئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں امرناتھ غار تک سڑک کی تعمیر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صدیوں سے ہربرس لاکھوں ہندو یاتری پیدل اس غار تک جاتے رہے ہیں اور سڑک کی تعمیر سے مقامی ماحول کو ایک بڑا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔