سرینگر۔4فروری (اے پی پی):کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی غیر متزلزل سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنمائوں نے یوم یکجہتی کشمیر منانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی وکالت کرنے پر پاکستان کی تعریف کی۔
دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں”شکریہ پاکستان” کے پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں۔ پاکستانی پرچم سے بنے پوسٹروں میں بھارتی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد آزادی کے لیے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیاگیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے بھارتی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کی 1953سے پہلے کی پوزیشن بحال کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف دفعہ370کی بحالی علاقے کے سیاسی اور آئینی مسائل کو حل کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے دفعہ370کی منسوخی کے بعد ترقی کے بی جے پی کے دعوئوں کو مسترد کر دیا۔ ادھرسرینگر کے علاقے صفا کدل میں لوگوں نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے اسے کشمیریوں پر معاشی بوجھ بڑھانے کے لیے بھارت کا استحصالی اقدام قرار دیا۔