22.2 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومعلاقائی خبریںکل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے حریت سید علی گیلانی...

کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر سیمینار کاانعقاد

- Advertisement -

مظفر آباد۔ 01 ستمبر (اے پی پی):جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر سید علی گیلانی عہد ساز شخصیت کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار میں قومی اسمبلی کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ،وزیر پاور ڈویلپمنٹ آزادکشمیر چوہدری رشید ،وزیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم ،جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق ،کنونئئر حریت کانفرنس غلام محمد صفی ،جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس ایڈوکیٹ پرویز احمد ،جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر مشتاق احمد ،سیکرٹری لبریشن سیل خالد محمود مرزا ،سابق وزیر حکومت محترمہ فرذانہ یعقوب ،سید نذیر گیلانی ،فاروق رحمانی ،محمود احمد ساغر ،سید یوسف نسیم ،سید فیض نقشبندی ،،نفیس زکریا ،سردار عثمان عتیق ،عبدالحمید لون ،الطاف وانی ،شیخ عبدالمتین ،امتیاز وانی ،سید اعجاز احمد رحمانی ،،محترمہ شمیم شال ،غلام نبی بٹ،ولسن وزیر ،ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود ،انچارج سوشل میڈیا سردار نجیب الغفور ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ راشد رضا ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواجہ عمران الحق سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ آج کا دن کشمیر کاز کے حوالے سے کشمیریت اور پاکستانیت کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے ،سید علی گیلانی روشنی کا ایک مینار تھے ان کی جہد مسلسل ہمارے لئے مشعل راہ ہے ،ان کا عزم صمیم ان کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں انہیں قائد اعلی کشمیر کا خطاب دیتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ جہد مسلسل کی ہے ،مودی کی بی جے پی مقبوضہ کشمیر میں مسلسل مظالم ڈھا رہی ہے ،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات کے ذریعے کٹھ پتلی انتظامیہ مسلط کی ،پاکستان اور کشمیر کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور جغرافیائی،سیاسی،اخلاقی ،مذہبی اور ثقافتی طور پر کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ۔مودی کشمیریوں کی شناخت ختم کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی بھارتی فوج کے سامنے سینہ تان کر کھڑے رہے اور بھارت کے جبر اور ظلم کو نہیں مانا ،تحریکوں کا مقابلہ حکومتیں نہیں کر سکتیں ،ایک سال کے دوران مسئلہ کشمیر کو پوری طرح اجاگر کیا ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں سید علی گیلانی کارنر قائم کریں گے ،انہوں نے کہا کہ بہت جلد انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔ لبریشن سیل کی رہنمامحترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ سید علی گیلانی امر ہو گئے ہیں ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،تحریک آزادی کیلئے ان کی خدمات مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یسین ملک اور دیگر حریت قائدین ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ،کشمیر کے نوجوان ان کے نظریات سے متاثر ہوئے ،برہان وانی شہید جیسے مایا ناز سپوتوں نے تحریک آزادی کو اپنے خون سے جلا بخشی ۔انہوں نے کہا کہ مایوس نہیں ہونا انشاءاللہ تحریک آزادی کامیابی سے ہمکنار ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور انشاءاللہ ہم یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔انہوں نے حریت قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی ہدایات کی روشنی میں کشمیر لبریشن سیل حریت اکابرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سیمینارز منعقد کرواتا ہے ۔

آزادکشمیر کے وزیر پاور ڈویلپمنٹ چوہدری محمد رشید نے سید علی گیلانی کی قومی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ، آج ہم ریاست کے عظیم ہیرو کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پوری زندگی پاکستان سے محبت میں گزاری ،سید علی گیلانی کا کردار عظیم تھا ۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں تین بار ممبر منتخب ہوئے مگر انہوں نے تحریک آزادی کیلئے اپنی زندگی وقف کر دی اور کہا کہ ہماری منزل پاکستان ہے ،انہوں نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو ماننے سے انکار کیا ،انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت کے طور پر ہماری پہلی ترجیح تحریک آزادی کشمیر ہے ،موجودہ حکومت وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی سربراہی میں تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے،بھارت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جو ڈیمو گرافی تبدیلیاں کر رہا ہے ہم اسے مسترد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،پاکستانی افواج نے بھارتی فوج کو اندر گھس کر مارا ۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔کنونئر حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے کہا کہ وہ مرد حریت تھے ،انہوں نے پوری زندگی جہد مسلسل میں گزاری اور ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا آفاقی نعرہ دیا ۔

انہوں نے جس موقف کو اپنایا وہ اس پر جم کر کھڑے رہے ،وہ اسمبلی میں بھی گئے مگر انہوں نے اسمبلی میں بھی وہی بات کہی جو وہ باہر کہتے رہے ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سراج الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی کے وارث آپ سب لوگ ہیں، انہوں نے پوری زندگی تحریک آزادی کیلیے وقف کئے رکھی ،سید علی گیلانی ایک فرد کا نہیں ایک جدوجہد کا نام ہے ،ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے جب تک ہے سید علی گیلانی ژندہ رہیں گے ،ایسے لوگ جنہوں نے کسی مقصد کیلیے گزاری ہو وہ کبھی نہیں مرتے ۔امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پوری زندگی جدوجہد سے عبارت رہی ،وہ ایک بڑا نام تھے ،سید علی گیلانی کی زمانہ ہمیشہ تعظیم کرے گا ان کا مقصد بلند تھا اور انہوں نے ہر رکاوٹ کا مردانہ وار مقابلہ کیا ۔ڈاکٹر سید نذیر گیلانی نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم شخصیت تھے ،وہ ایک رول ماڈل ہیں جن سے تحریک کو جلا ملتی ہے ،حریت کے آئین کیلیے تین نشستیں ہوئیں اور سید علی گیلانی تینوں نشستوں میں موجود تھے ،سید علی گیلانی نے آئین دینے میں اہم کردار ادا کیا وہ اصول پسند اور نفیس شخصیت تھے ،

سید علی گیلانی نے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کا نعرہ دیا،سابق سفیر نفیس زکریا نے سید علی گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی یادیں ہمارے ساتھ ہمیشہ رہیں گی ،ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا وہ پورا نہیں ہو گا ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک ہزار گیلانی پیدا کئے جائیں تاکہ تحریک آزادی کشمیر کامیابی سے ہم کنار کر سکیں ۔سیکرٹری لبریشن سیل خالد محمود مرزا نے سید علی گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے سیمینار میں شرکت کرنے پر سیاسی و حریت قیادت ،سماجی رہنماؤں اور الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ ادا کیا ۔مقررین نے سید علی گیلانی کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔تقریب کی نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری حریت کانفرنس ایڈوکیٹ پرویز احمد ،عبدالحمید لون اور سردار نجیب الغفور نے انجام دئیے ۔سیمینار کے اختتام پر سید علی گیلانی کے درجات کی بلندی اور شہداکشمیر اور پاک فوج کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں