کل کا پی ڈی ایم جلسہ پیپلز پارٹی کے لئے شرم اور ن لیگ کے لئے عبرت کا مقام ہے،چوہدری فواد حسین

78

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کل کا پی ڈی ایم جلسہ پیپلز پارٹی کے لئے شرم اور ن لیگ کے لئے عبرت کا مقام ہے ۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں سنجیدہ لوگوں سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔اپوزیشن کو مذاکرات کیلئے ایجنڈا اور لائحہ عمل بھی دیا ہے۔ بھٹو کی پھانسی پر مٹھائیاں بانٹنے والے خاندانوں میں شریف خاندان سب سے نمایاں تھا۔پی ڈی ایم جماعتین استعفے دینے میں سنجیدہ نہیں۔ نام نہاد قوم پرست لیڈر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے لاہور میں پنجابیوں اور باقی شہروں میں پاک فوج اور آئینی اداروں کو ہدف بناتے ہیں۔ پیر کو وفاقی وزراءشبلی فراز اور فیصل ووڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مریم نے کبھی کچن نہیں چلایا اور بلاول نے کبھی کام نہیں کیا ‘ دونوں اپنی سی وی وزیراعظم بننے کے لئے جمع کرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی اس سے بڑی توہین کیا ہوگی کہ دنیا میں پرانی بادشاہتیں ختم اور یہ نئی بادشاہت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 7فوجی شہید ہوئے پی ڈی ایم جلسہ میں کسی نے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عجیب سیاست ہے لاہور میں جاتے ہیں تو جاگ پنجاب ‘ سندھ میں جاتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے گن گاتے ہیں یہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں مسلسل پنجاب کے اوپر گولہ باری کی جارہی ہے۔ سٹیج کو وفاق کے خلاف استعمال‘ فوج ‘عدلیہ پر مسلسل حملے جاری ہیں اور سیاسی لحاظ سے زیرتربیت مریم اور بلاول زندگی کی پہلی نوکری بطور وزیراعظم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی گردن میں سریا ہے ‘ اپنے سے بڑوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے احترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ مریم کو شادی کے بعد تابعدار ہجوم میں پھرنے کا شوق ہے ‘ جلسے میں سابق گورنرمحمدزبیر ایسے کھڑے ہیں جیسے نان پکڑانے کی ڈیوٹی ہے ‘ ان کی قیادت گاڑی کا دروازہ کھولنے کے لئے کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم کی لڑائی اپنے چچا شہباز شریف کے ساتھ ہے ۔ شہباز شریف جیل میں ہیں تو اس کا فائدہ مریم نواز کو ہورہا ہے۔