کماد کے ایسے کھیت جہاں سے موہڈھی فصل نہ رکھنی ہو وہاں فوراً گندم کاشت کردی جائے،محکمہ زراعت کی ہدایت

299
Kamad

فیصل آباد۔ 12 دسمبر (اے پی پی):کاشتکاروں کو موہڈھی فصل رکھنے کیلئے کماد کی کٹائی 15 جنوری کے بعد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ جن کھیتوں میں موہڈھی فصل رکھنی ہو اس کی کٹائی مذکورہ تاریخ سے قبل نہ کی جائے تاہم جہاں سے فصل نہ رکھنا درکار ہو اس کھیت کو فوراً تیار کرکے کوئی وقت ضائع کئے بغیر گندم کی کاشت کر دی جائے تاکہ مناسب پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹرخالد اقبال نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا کہ کماد کی کٹائی گنے کی اقسام اور فصل کے پکنے کو مد نظر رکھ کر کی جائے اور ستمبر کاشت، موہڈھی فصل اور اگیتی پکنے والی اقسام کو پہلے جبکہ درمیانی اور دیر سے پکنے والی اقسام کو بعد میں برداشت کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ گنا کاٹنے کے بعد تاخیرسے ملوں کو سپلائی کے باعث اس کے وزن اور ریکوری میں بھی کمی آجاتی ہے اسلئے گنا کاٹنے کے بعد اسے مل تک پہنچانے میں کسی تاخیرکا مظاہرہ نہ کیاجائے۔