سمبڑیال۔ 26 ستمبر (اے پی پی):سینئرفیلڈ آفیسر محکمہ زراعت توسیع سمبڑیال ذیشان گورائیہ نے کہا ہے کہ کماد کے کاشتکارستمبر کاشت کےلئے بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں کسی صورت تاخیر نہ کریں اور بیج کو کھیت میں لا کر ہی چھیلنے کو ترجیح دی جائے تاکہ اسے خرا ب ہونے سے بچایاجاسکے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ستمبر کاشت کےلئے صحت مند بیج کے حصول کی غرض سے بہتر کھیتوں کا چناؤ کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کو اچھی طرح پھپھوند کش زہر کے محلول میں 5منٹ تک بھگو کر اس کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ بیج کی بڑھوتری کا عمل تیز کرنے سمیت اسے مختلف بیماریوں سے بچانا ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار بیج کی کھوری کسی تیز دھار آلے سے اتارنے کی بجائے ہاتھ سے اتاریں اور اس کی باربرداری کے دوران بھی احتیاط برتی جائے کیونکہ زخمی ہونے والا بیج جہاں مختلف بیماریوں کاشکار ہو سکتاہے وہیں اس کی بڑھوتری میں بھی رکاوٹیں درپیش آنے کے خدشات ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی و معلومات کےلئے زرعی ماہرین یا فری ایگری کلچر ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=505700