کماد کے کاشتکار ستمبر کاشتہ کماد کی فصل کو رواں ہفتہ کے دوران نائٹروجن کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں، محکمہ زراعت کی ہدایت

116
Agriculture
Agriculture

فیصل آباد۔ 08 مئی (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد اقبال نے کماد کے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فوری گوڈی کی سفارش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ستمبر کاشتہ کماد کی فصل کو رواں ہفتہ کے دوران نائٹروجن کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں اور اس کے بعد مناسب آبپاشی بھی کریں۔

انہوں نے کہاکہ اگر بارش ہو چکی ہو تو آبپاشی کچھ دن بعد بھی کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مونڈھی فصل کی باقی ماندہ نائٹروجنی کھاد کی پہلی قسط ڈالنے کے بعد پودوں پر مٹی چڑھادیں تاکہ تیز ہواؤں یاآندھی کے باعث فصل کو گرنے سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کماد کی جڑ اور تنے کے گڑوؤں کے تدارک کیلئے کاشتکار ماہرین زراعت کی مشاورت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے مناسب دانہ دار زہریں ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ زہریں ڈالنے کے بعد کھیت کو پانی لگانے کے بھی مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔