مانسہرہ۔ 15 مارچ (اے پی پی):سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر نائب صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کمال سلیم سواتی نے ریونیو سٹاف سمیت دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ مانسہرہ شہر کیلئے اجتماعی قبرستان کی اراضی کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمال سلیم سواتی نے کہا کہ جلد قبرستان کی جگہ کو فائنل کر دیا جائے گا جس کے بعد مانسہرہ شہر کے باسیوں کیلئے قبرستان کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا، اس وقت شہر میں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے قبرستان کا مسئلہ بڑا گھمبیر ہو چکا ہے، ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد جگہ کا تعین کیا جائے تاکہ یہ بنیادی مسئلہ اپنے اختتام کو پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاﷲ بہت جلد سپیکر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا بابر سلیم سواتی کی ہدایت کے مطابق مانسہرہ شہر کی عوام کیلئے قبرستان کی جگہ منتخب کر کے ساتھ ہی دیگر سہولیات بھی وہاں میسر کر دی جائیں گی۔