راولپنڈی ۔18اگست (اے پی پی):کمانڈر یو ایس سینٹ کام نے وفد کے ہمراہ جمعرات کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا، کمانڈر سینٹ کام نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ون آن ون ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور استحکام، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بالخصوص عسکری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور علاقائی امن و استحکام کے لئے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان امریکہ فوجی تربیتی تبادلہ پروگرام بھی زیر بحث آیا۔ معزز مہمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، انسداد دہشت گردی کے تجربات اور علاقائی امن و استحکام کے لئے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں معزز مہمان نے آرمی میوزیم کا بھی دورہ کیا۔