کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی نیلامی 18جون کو ہو گی،فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی

37

فیصل آباد ۔ 12 جون (اے پی پی):فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے مختلف کمرشل اور رہائشی پلاٹس کی نیلامی 18جون کو گیارہ بجے دن کو ہو گی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں نیلام کئے جانے والے پلاٹس کی تفصیلات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصو د پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف و دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نیلامی کے لئے پیش کئے جانیوالے کمرشل و رہائشی پلاٹس ایف ڈی اے سٹی سرگودھا روڈ میں واقع ہیں جن میں مین بلیوارڈ پر مختلف رقبہ جات کی دکانیں اور مختلف بلاکس میں دس مرلہ اور ایک کنال کے رہائشی پلاٹس شامل ہیں جبکہ شادی ہال ،مارکی، ہسپتال

پٹرول پمپ کے لئے مختص رقبہ جات بھی لیز پر دینے کے لئے نیلام کئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ پلاٹس کی فروخت کا مقصد ایف ڈی اے کی مالی پوزیشن مستحکم کرنا ہے لہذا زیادہ سے زیادہ پلاٹس کی فروخت کے لئے نیلامی کے شیڈول کو وسیع پیمانے پر مشتہر کیاجائے تاکہ کثیر تعداد میں خواہش مند افراد بولی میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کے امور کی نگرانی کے لئے نیلامی کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ اس عمل کو مکمل منظم اور شفاف رکھا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پلاٹس کی فروخت یا لیز کے لئے نیلامی کے لئے تمام تر قواعد و ضوابط اور قانونی امور کا بخوبی خیال رکھیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں نے نیلامی میں فروخت یا لیز پر دینے کے لئے پلاٹس کی تفصیلات، نیلامی کی شرائط اور دیگر ضروری امور کے بارے میں بریفنگ دی۔