فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):اظہار کمشنر فیصل آباد سلوت سعیداورآرپی او ڈاکٹر عابد خان نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن کے پر امن اور شفاف انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ،تمام سرکاری ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مطابق جنرل الیکشن کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں سرانجام دیں،ہمیں ایک متحرک، فعال اورمنظم ٹیم کے طور پر مربوط انداز میں اقدامات کرنا ہے تاکہ الیکشن کے انعقاد کی انتہائی اہم اور حساس ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کیا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر فیصل آباد سلوت سعیداورآرپی او ڈاکٹر عابد خان نے فیصل آباد ڈویژن میں جنرل الیکشن کے انعقاد کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حساس اداروں کے افسران سی پی او محمد علی ضیاء، ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ،ریجنل الیکشن کمشنر شبیر عباس بخاری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے ڈویژنل سربراہان جبکہ ضلع جھنگ، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ریجنل الیکشن کمشنر شبیر عباس بخاری نے جنرل الیکشن کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی طرف سے کئے گئے انتظامات پولنگ سٹیشنزاور پولنگ بوتھ قائم کرنے کے پلان، پریذائڈنگ افسران،اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران اور پولنگ سٹاف کی تعیناتی اور ان کی ٹریننگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن کے انعقاد کے لئے جن سرکاری محکموں کو جو بھی ذمہ داری تفویض کی جائے اس کو احسن انداز میں سرانجام دیں،تمام سرکاری محکمے قریبی ربط و رابطہ کو یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں تواتر سے اجلاس منعقد کئے جائیں تاکہ جس سطح پر بھی کوئی مشکل درپیش ہو تو اس کو فوری طور پر دور کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں الیکشن کے عمل کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جائے گی، وال چاکنگ اور خلاف ضابطہ تشہیری بینرز، پوسٹرز کو ہٹایا جائے جو امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان نے ڈویژن میں الیکشن کے انعقاد کے موقع پر سکیورٹی اور پولنگ میٹریل کی محفوظ انداز میں ترسیل کے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔
کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں اور الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کارروائی کریں۔