فیصل آباد ۔ 17 مارچ (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت ایف ڈی اے سپورٹس کمپلیکس مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقدہوا جس میں ممبرشپ کے خواہش مند مرد و خواتین مزید درخواست گزاروں کے انٹرویو لئے گئے۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصورخان نیازی،ایم ڈی واسا عامر عزیز،ایڈیشنل ڈی جی دلاورخان چدھڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہاب اسلم،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔
کمشنر نے کہا کہ ان ڈور گیمز کی معیاری و جدید سہولیات سے آراستہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس حکومت پنجاب کا شاندار منصوبہ ہے جس کے انتظامی امور احسن انداز میں چلانے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے ممبر شپ کے خواہشمند امیدواروں کی کثیر تعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امر سپورٹس کمپلیکس کے پرکشش محل وقوع اور اعلیٰ معیار کی سہولتوں پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبرز کے لئے اہلیت کا اعلی معیار سپورٹس کمپلیکس کی منظم ترقی کا ضامن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی وتفریحی امور میں عمدہ نظم ونسق سے مسقبل میں یہ منصوبہ مزید وسعت حاصل کرے گا
جس کے لئے آئندہ تقاضوں سے ہم آہنگ ابھی سے منصوبہ سازی کرنی چاہیے۔کمشنر نے ممبرز سے انٹرویو کے دوران ان کی طرز زندگی، صحت مندانہ زندگی کی جستجو کیلئے کھیلوں و جسمانی ورزش میں دلچسپی اور ترقیاتی سوچ کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انٹرویو میں کامیاب امیدواروں میں سے جنہوں نے ابھی تک ممبر شپ فیس جمع نہیں کرائی انہیں فائنل نوٹس کے ذریعے مہلت دی جائے۔
کمشنر نے ممبر شپ کارڈ کے ڈائزین کا جائزہ لیا اور کہا کہ ممبر شپ کے شناختی کارڈ کو سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ پرکشش اور بامقصد بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ممبرز کے لئے ان ڈورگیمز کی تمام تر سہولیات کے اعلیٰ معیار اور خوشگوار تفریحی ماحول کو ہمہ وقت برقرار رکھیں۔اس موقع پر ڈی جی ایف ڈی اے نے سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی معاملات کے بارے میں بریفنگ دی اور سٹاف کی تعیناتی سمیت ممبرشپ فیس جمع کرانے والوں کی تعداد اور سپورٹس کمپلیکس کی سہولیات سے مستفید ہونے سے متعلق ان کے جوش و جذبے سے آگاہ کیا۔