ملتان۔ 25 اگست (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ملتان ڈویژن میں بچوں سے بھیک منگوانے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاون کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ اس سلسلے میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو فعال کردار ادا کرے ۔
این جی اوز کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام این جی اوز کی رجسٹریشن،انکے کام کے ایس او پیز چیک کئے جائی ں ۔
این جی اوز کا آڈٹ کرکے مکمل رپورٹ پیش کی جائے اورملتان ڈویژن کی تمام این جی اوز کی پڑتال کی جائے ۔انہوں نے ایدھی ہومز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کیمرے لگوائیں اور ڈاکٹرز تعینات کریں جو ہر ہفتہ ایدھی ہومز میں مقیم افراد کا طبی معائنہ کریں گے۔
انہوں نے ڈویژن میں منشیات کے عادی افراد، خصوصی طور پر خواتین کیلئے انتظامات بارے رپورٹ طلب کرلی۔عامر خٹک نے مزید ہدایت کی کہ نشتر ہسپتال اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں بحالی منشیات سنٹرز کو مکمل فعال کرتے ہوئے نشے کے عادی بچوں،خواتیں اور افراد کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جائے۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈی او انڈسٹریز،ڈائیریکٹر سوشل ویلفیئر ، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی اور کہاکہ معاشرے سے منشیات کا خاتمہ اور حوصلہ شکنی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔