کمشنرپشاورکی زیرصدارت شجرکاری مہم کے حوالے سے اجلاس

61

پشاور۔ 16 فروری (اے پی پی):کمشنرپشاورڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت شجرکاری مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاورڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اورضلع خیبرکے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران نے شرکت کی۔شجر کاری مہم کے سلسلے میں رواں سیزن پشاورڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اورضلع خیبرمیں پھلدارپودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مستقبل میں پھلوں کے فائدے کے ساتھ ساتھ موسمی پرندوں کی آمد یقینی بنائی جاسکے

اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرزکو اہداف حوالے کئے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاورنے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کو مہم میں شریک کیا جائے مہم کی کامیابی کے لیے پودے لگانے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو پودوں کی حفاظت پرمامور کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ فلاحی تنظیموں اورسوشل ورکرزکو بھی مہم میں شریک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام اضلاع میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے اورپچھلے شجر کاری مہم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو انعامات اور تعریفی اسناد دئے جائیں، انہوں نے اس سلسلے میں اگلے ہفتے تمام اضلاع کے دوروں کا بھی اعلان کیا ۔