کمشنرکی زیر ِصدارت کھاد کی دستیابی، پولیو ، انسدادِ ڈینگی مہم پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد

166
Commissioner Sargodha Division Muhammad Ajmal Bhatti
Commissioner Sargodha Division Muhammad Ajmal Bhatti

سرگودھا۔12اکتوبر (اے پی پی):کمشنر محمد اجمل بھٹی کی زیر ِصدارت چاروں اضلاع میں کھاد کی دستیابی‘ پولیو اور انسداد ڈینگی مہم پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ربیع فصل میں گندم‘ چنے‘ چارہ اور تیل دار اجناس کی بوائی کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے جس میں گندم کاسب سے زیادہ 17 لا کھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کا ہدف مقرر کیاگیا، ربیع فصل کیلئے یوریا کی 14لاکھ 36ہزار بیگ کی ضرورت ہو گی جس کیلئے کمپنیوں کو آرڈر ز بھجوادیئے گئے ہیں،چاروں اضلاع میں اس وقت یوریا کے ایک لاکھ 16 ہزار بیگ دستیاب ہیں، دسمبر کو گندم کی فصل کیلئے سب سے زیادہ یوریا درکار ہو گی جس کے پیشگی انتظامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔

کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنرزکو فوری گندم بڑھاؤ مہم شروع کرنے،نمبر دار سطح پر کسان کنونشن منعقد کرنے، کوالٹی بیج کی دستیابی یقینی بنانے، پانی کی دستیابی او رکھادوں کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کیلئے وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گندم کی بوائی کے اہداف کو سو فیصد حاصل کرنے کیلئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں چاروں اضلاع میں اختتام پذیر ہونے والی کامیاب پولیو مہم کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے پولیو مہم کے سو فیصد اہداف حاصل کرنے پر چاروں ڈپٹی کمشنروں، ڈائریکٹر ہیلتھ، سی ای اوز ہیلتھ اور فیلڈ سٹاف کو شاباش دی۔

اجلاس کو بتایاگیاکہ 2014 ء سے سرگودھا ڈویژن پولیو فری چلاآرہاہے اور حالیہ 2سے 6 اکتوبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے دوران چاروں اضلاع میں 15 لاکھ 79 ہزار 331 بچوں کو پولیو سے پچاؤ کے دو قطرے پلانے کے ساتھ وٹا من اے کی خوراک بھی دی گئی۔ کامیاب مہم میں محکمہ صحت کے دس ہزار ورکرز سمیت دیگر محکموں کے 100 ملازمین نے بھی فرائص ادا کئے،کسی جگہ سے بھی پولیو قطرے نہ پلانے کی کوئی رپورٹ نہیں موصول ہوئی اور تھرڈ پارٹی آڈٹ میں تمام اہداف بھی کلیئر پائے گئے ہیں۔اسی طرح چاروں اضلاع میں ڈینگی مریضوں کی تعداد او رانسداد ی سرگرمیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ ڈویژن میں اس وقت ڈینگی کے 48مریض موجود ہیں جن میں سے 25دوسرے اضلاع سے یہاں منتقل ہوئے ہیں۔ چاروں اضلاع میں 935 ان ڈور اور 288 آؤٹ ڈور ٹیمیں کام کر رہی ہیں جنہوں نے امسال اب تک 49 لاکھ 57 ہزار گھروں جبکہ 17 لاکھ 72 ہزار سے زائد کمرشل یونٹس کی چیکنگ کی ہے۔ ان ڈور سے 760جبکہ آؤٹ ڈور 728 مقامات سے ڈینگی لاروا ملا،93کے خلاف ایف آئی آرز، 760 کو ریڈنوٹسز، 11 سو کو لیگل نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ایسے علاقے جہاں ڈینگی کیس رپورٹ ہوں اس پوری یونین کونسل میں سپرے کر وایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ڈینگی سیز ن شروع ہو چکاہے، تمام ٹیمیں انسداد ی کارروائیوں میں متحرک نظر آنی چاہیے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی ٹیموں کی خود مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ڈپٹی کمشنر میانوالی سجاد احمد خان، ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان، اے ڈی سی جی خوشاب احمد صہیب، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض اور ڈائریکٹر ہیلتھ شاہد حسین سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنروں او رمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔