27.1 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومعلاقائی خبریںکمشنرکے مختلف سرکاری دفاتر کے دورے

کمشنرکے مختلف سرکاری دفاتر کے دورے

- Advertisement -

سرگودھا ۔ 06 مئی (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے عوامی خدمات سے متعلق اداروں ای خدمت مرکز، تحصیل دفتر اور اربن یونین کونسلز 19، 20، 3 اور17 کے اچانک دورے کیے۔منگل کو کئے گئے ان دوروں کامقصد سرکاری خدمات کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لینا،عوامی شکایات سننا اور موقع پر حل نکالنا تھا۔ ای خدمت مرکز کے دورے کے دوران کمشنر نے مختلف کاؤنٹرزپرجاکر شہریوں سے براہ راست سروسز کی فراہمی، عملے کے رویے، خدمات کے معیار اور زائد فیس کی غیر قانونی وصولی جیسے معاملات پر دریافت کیا۔ بیشتر سائلین نے خدمات پر عمومی اطمینان کا اظہار کیا تاہم پار کنگ کے مسائل کی نشاندہی کی۔ کمشنر نے اس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا اور سنٹر انچارج کو مشترکہ حکمتِ عملی سے مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کی۔

مزید برآں بعض شہریوں نے میونسپل کارپوریشن کے نقشہ کاؤنٹر پر تعینات انچارج کی مسلسل غیر حاضری کی شکایت بھی کی جس پر کمشنر نے وضاحت طلب کی۔ تحصیل دفتر کے دورے کے دوران کمشنر نے شہریوں سے بات چیت کی تو بیشتر نے آن لائن نظام کی بار بار خرابی اور سروس میں تعطل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ خود کمشنر نے بھی موقع پر سسٹم غیر فعال پایا جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو (ADCR) کو طلب کیا اور ہدایت کی کہ وہ پی ایل آر ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کر کے فوری طور پر سسٹم کو فعال کروائیں تاکہ عوام کو مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔شہریوں نے سب رجسٹرار کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا، تاہم بعض ماتحت ملازمین کی جانب سے رشوت کے بغیر کام نہ کرنے کی شکایات پر کمشنر سخت برہم ہوئے۔

- Advertisement -

انہوں نے اے ڈی سی آر کو ہدایت کی کہ ایسے کرپٹ ملازمین کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے اور انہیں ملازمت سے برخاست کر کے دیگر کے لیے مثال بنایا جائے۔ اس موقع پر کمشنر نے دفتر میں سائلین کے بیٹھنے کی نامناسب سہولیات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا اور فوری بہتری کی ہدایت دی۔ بعد ازاں کمشنر نے اربن یونین کونسلز 19، 20، 3 اور 17 کا دورہ کیا۔ یونین کونسل 3 میں ایک خاتون نے شکایت کی کہ وہ تین دن سے مسلسل نکاح نامہ کےحصول کے لیے دفتر آ رہی ہیں لیکن عملہ تعاون نہیں کر رہا۔ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو موقع پر طلب کیا۔ افسران نے 30 منٹ میں مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

کمشنر نے خاتون سے یو سی عملے کے رویے پر معذرت کی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ایسے غیر ذمہ دار اور کرپٹ ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ بعد ازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر بابر شہزاد رانجھا اور اے ڈی ایل جی کو دفتر طلب کر کے موجودہ انتظامی صورتحال پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام معاملات کو درست کریں اور واضح کیا کہ وہ ازخود کسی بھی تحصیل کا بغیر اطلاع دورہ کریں گے اور سائلین کا فیڈ بیک لیں گے۔ کمشنر نے متنبہ کیا کہ اگر کسی بھی دفتر سے کرپشن یا عوامی شکایات موصول ہوئیں تو متعلقہ ضلع یا تحصیل کے سربراہ کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا اور سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ ریونیو اور لوکل گورنمنٹ دفاتر کے غیر علانیہ دورے کریں اور عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں۔کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ریونیو اور لوکل گورنمنٹ کے ادارے حکومت کا چہرہ ہوتے ہیں اور ان اداروں میں بدعنوانی، غفلت اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی خدمات کی بہتری اور شفافیت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں  گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593509

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں