کوئٹہ۔ 27 نومبر (اے پی پی):کمشنر رخشان ڈویژن شاہ عرفان احمد غرشین اور ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو نے خاران میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ مہم کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈی ایچ او خاران ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر جاوید حسن سیاپاد ، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر محبوب بلوچ ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر منیر بلوچ سینئر ڈاکٹر شیر احمد بلوچ، انڈس ہسپتال آفسر حمایت دوستین ودیگر موجود تھے ۔
ڈی ایچ او خاران ڈاکٹر عبد المالک بلوچ اور ڈبلیو ایچ او نمائندہ ڈاکٹر منیر بلوچ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 27 نومبر سے تا یکم دسمبر تک پولیو مہم جاری رہے گی، ڈسٹرکٹ خاران میں 33678 بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا ہدف رکھا ہے ، گھر گھر جا کر پانچ سال تک بچوں کو پولیو قطرے پلائیں گے ۔
کمشنر رخشان شاہ عرفان احمد غرشین نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ہم سب کو جنگی بنیادوں پر کام کرنا چاہیے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں تاکہ بچوں کو پولیو جیسی موذی وائرس سے بچایا جاسکیں۔ کمشنر رخشان شاہ عرفان احمد غرشین اور ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ بازار ، بس اڈہ ، گنجان آبادی والے ایریا میں ٹرانزٹ پوائنٹ سمیت خصوصی موبائل ٹیم بھی تشکیل دی جائے تاکہ تمام مسافر بچوں کو مکمل کور کیا جاسکے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414665