لاہور۔21جولائی (اے پی پی):کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کمشنر سمن رائے کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو موثر،جدید اور آسان بنانے سے متعلق مختلف اصلاحاتی اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل او پی سی احمر ملک، ڈائریکٹر ایڈمن عامر احمد خان، ڈائریکٹر پولیس میٹرز امتیاز احمد خان، ڈائریکٹر ریونیو شعیب نسوانہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بجٹ عظیم باری اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی فرحان رمضان شریک تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شکایات کے نظام کو مکمل طور پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا،او پی سی موبائل ایپ کو جلد ایپل پلے اسٹور پر دستیاب کیا جائے گا اور شکایات کے فوری اندراج و رہنمائی کے لیے کال سنٹر کی بحالی عمل میں لائی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ ویب پورٹل کے یوزر انٹرفیس کو بہتر بنا کر اسے صارف دوست اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جائے گا۔کمشنر سمن رائے نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں سہولیات کی فراہمی اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ او پی سی کے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عوامی توقعات اور عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے تاکہ ادارے پر اعتماد میں اضافہ ہو اور ہر شکایت بر وقت اور شفاف انداز میں حل ہو سکیں۔واضح رہے کہ سمن رائے حکومت پنجاب کی ایک تجربہ کار اور باصلاحیت افسر ہیں جو پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے وابستہ اور گریڈ20 کی افسر ہیں،وہ حال ہی میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کمشنر کے طور پر تعینات ہوئی ہیں۔اپنے کیریئر کے دوران وہ مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات سرانجام دے چکی ہیں،جن میں ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر،ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز اور ایڈیشنل سیکرٹری کلچر شامل ہیں۔انہیں انتظامی امور، پالیسی سازی اور بین السرکاری ہم آہنگی کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔