کمشنر بہاول پورکی زیر صدارت جائزہ اجلاس کا انعقاد

128

بہاولپور۔ 25 جنوری (اے پی پی):کمشنر بہاول پورڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت کمشنر آفس بہاول پور کے کانفرنس روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق،ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمدبھون اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں خرم پرویزسمیت ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بہاول پور اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بہاولپور ڈویژن میں 122 ارب روپے سے زائد تخمینہ لاگت کی 623 ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا گیا جن کیلئے رواں مالی سال کے دوران 27.449 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران ضلع رحیم یار خان کی 261ترقیاتی سکیموں کے لئے10ارب روپے،

ضلع بہاول نگر کی 122 ترقیاتی سکیموں کے لئے7 ارب روپے سے زائد جبکہ ضلع بہاول پور کی 240 ترقیاتی سکیموں کے لیے 9ارب روپے سے زائد فنڈزمختص کئے گئے ہیں۔اجلاس میں محکمہ روڈز کی 232 ترقیاتی سکیموں، محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی21 ترقیاتی سکیموں،محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی 4 ترقیاتی سکیموں، ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 10 ترقیاتی سکیموں، محکمہ اریگیشن کی 7 ترقیاتی سکیموں، محکمہ لائیو سٹاک کی 2 ترقیاتی سکیموں، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی 7 ترقیاتی سکیموں، پبلک بلڈنگز کی 42 ترقیاتی سکیموں، محکمہ آثار قدیمہ کی 3 ترقیاتی سکیموں سمیت محکمہ ماحولیات

محکمہ جنگلات، محکمہ سپورٹس، گورننس اینڈ آئی ٹی،محکمہ ٹرانسپورٹ، محکمہ ٹورزم،محکمہ پبلک ہیلتھ اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ بھی لیا گیا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبہ جات میں کام کے معیار اور رفتار کو بہتر بنایا جائے اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیمیں مقررہ مدت میں مکمل کرائی جائیں۔